رشی سُونک آج برطانیہ کی وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے

لندن: رشی سُونک آج باضابطہ طور پر برطانیہ کی وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے، وہ برطانیہ کے 57ویں وزیرِ اعظم ہوں گے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق وزیرِ اعظم لز ٹرس صبح 9 بجے کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گی ، جس کے بعد ڈاؤئننگ اسٹریٹ کے باہر خطاب کر کے بادشاہ چارلس کو استعفیٰ پیش کرنے بکنگھم پیلس جائیں گی۔

شی سُونک بکنگھم پیلس جا کر بادشاہ چارلس سے ملاقات کریں گے جہاں پر بادشاہ چارلس ان کو حکومت بنانے کی دعوت دیں گے۔

رشی سونک گزشتہ 3 ماہ کے دوران برطانیہ کے تیسرے وزیرِ اعظم ہوں گے جبکہ وہ برطانیہ کے وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔

رشی سونک کے آبا ؤ اجداد کا تعلق پاکستان کے شہر گوجرانوالہ سے تھا ، ان کے دادا رام داس سونک 1935 میں گوجرانوالہ سے نیروبی چلے گئے ، دادی سہاگ رانی بھی گوجرانوالہ کی تھیں ، رشی سونک کے والد یش ویر سونک سن 60 کی دہائی میں نیروبی سے برطانیہ چلے آئے جہاں رشی سونک پیدا ہوئے۔

ان کے والد ایک ڈاکٹر اور والدہ فارماسسٹ تھیں ۔ ان کی تعلیم ایک پرائیویٹ اسکول ونچسٹر کالج میں ہوئی جبکہ اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ آکسفورڈ گئے تھے اور بعد میں سٹینفورڈ یونیورسٹی سے انھوں نے ایم بی اے کیا ۔ سیاست میں آنے سے پہلے انھوں نے سرمایہ کاری بینک ‘گولڈمین سیکس’ میں کام کیا۔

رشی سُونک سنہ 2015 سے رچمنڈ، یارکشائر سے کنزرویٹو پاٹی کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ۔ رشی سونک کی اہلیہ اکشتا مورتی کا شمار برطانیہ کی امیر ترین خواتین میں ہوتا ہے۔

رشی سونک اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد برطانیہ کے پہلے ایشیائی نژاد وزیراعظم بن جائیں گے ۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور وہ صرف 45 روز ہی عہدے پر رہیں۔