کراچی:اساتذہ کی بلدیاتی انتخابات میں ڈیوٹی نہ کرنیکی کی دھمکی

کراچی: سپلا نے آر او کے اسسٹنٹ پروفیسر کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کے بعد بلدیاتی انتخابات میں ڈیوٹی نہ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

سندھ پروفیسر اینڈ لیکچرار ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ اسٹنٹ پروفیسرمحمد جمال کو پولیس کسٹڈی اور حبس بے جا میں رکھنے کی مذمت کرتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اور صوبائی الیکشن کمشنر واقعہ کا فوری نوٹس لیں، اساتذہ کی توہین کرنے والے آراو یوسی 3 محمد ابوبکرکو فوری طور پر برطرف کیا جائے۔

ریٹرننگ آفیسر یوسی 3 محمد ابوبکر کی جانب سے گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج نشتر روڈ کے اسٹنٹ پروفیسر محمد جمال سے مبینہ طور پر ناروا سلوک کیا گیا جس پر سندھ پروفیسراینڈ لیکچرار ایسو سی ایشن (سپلا) نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آر او کا اساتذہ کے ساتھ ناروا سلوک منظور نہیں، الیکشن کمیشن عملہ کالج اساتذہ کو انتخابات سے معذرت کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔

سپلا کے مرکزی صدر منور عباس نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ قومی فریضے کے لئے خطرناک حالات میں بھی کام کیا ہے، کسی کو اساتذہ کی توہین و تذلیل کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔