انٹرمیڈیٹ امتحانات کیلئے فارم جمع کرانے کی تاریخوں کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء میں شرکت کے خواہشمند تمام گروپس کے امپروومنٹ آف مارکس /گریڈ، بینیفٹ کیسز، ایڈیشنل سبجیکٹس، شارٹ سبجیکٹس اور ٹی پی (ٹوٹل پیپرز) کے پرائیویٹ امیدواروں کیلئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا

امتحانات میں شرکت کے خواہشمند تمام پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز جمعہ 10  فروری سے بروز منگل28  فروری تک بورڈ آفس لائبریری میں واقع بینک کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔

یاد رہے آئی بی سی سی اور بی او جی کے فیصلوں کے مطابق اب طالب علم انٹرمیڈیٹ پاس کرنے کے بعد چار سال تک امپروومنٹ آف مارکس /گریڈ کے امتحانات دے سکتے ہیں۔

انٹرمیڈیٹ کے امیدواروں سے حصہ اول یا حصہ دوم میں کسی ایک کا امتحان دینے پر 2600روپے اور حصہ اول و دوم باہم کے امتحانات کیلئے 4100روپے فیس وصول کی جائے گی۔ ایسے امیدوار جو مقررہ تاریخوں تک اپنے امتحانی فارم نہیں جمع کرواسکیں وہ 500  روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز بدھ یکم مارچ سے 15 مارچ تک جبکہ ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز جمعرات 16مارچ سے 30مارچ 2023ء تک اپنے امتحانی فارم جمع کرواسکتے ہیں۔

تمام طلبہ اپنے امتحانی فارم کی تصدیق گریڈ 17کے گزیٹڈ افسرسے کرانے کے پابند ہیں۔طلبہ انٹربورڈ کراچی کی دی گئی سہولت سے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے امتحانی فارم کی فیس یو بی ایل کی کسی برانچ میں بھی میں جمع کراسکتے، طلبا جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا امتحانی فارم شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں بورڈ آفس کی انکوائری میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کا فارم قبول نہیں کیا جائے گا اور فیس ضبط کرلی جائے گی۔طلبہ امتحانی فارم، فیس واؤچر اور اسپیشل چانس کا پروفارما بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk   سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔