فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی کے بجلی صارفین کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان

اسلام آباد(امت نیوز)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے فروری کے بلز میں بڑے ریلیف کا اعلان کردیا۔

نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ برائے دسمبر 2022کی مد میں 10روپے 80 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی

نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے 10 روپے 26 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 31 جنوری 2023 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔

نیپرا کے مطابق اس سے قبل نومبر کا ایف سی اے صارفین سے 7 روپے 43 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا، جو کہ صرف ایک ماہ کیلئے تھا۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ دسمبر کا  ایف سی اے نومبر کی نسبت 3 روپے 37 پیسے فی یونٹ مزید کم چارج کیا جائے گا، اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کیلئے ہوگا،  لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک گھریلو صارفین، زرعی صارفین اور  الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز  پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کو ریلیف فروری کے بجلی کے بلوں میں ملے گا۔