لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج زور آزمائی کریں گے

کراچی : پاکستان سپر لیگ 8 میں لاہور قلندرز اور گلیڈی ایٹرز آج پنجہ آزمائی کیلئے تیار ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مقابل ہوں گی، شاہین آفریدی الیون نے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان کو شکست دی تھی مگر دوسرے میں روایتی حریف کراچی کنگز نے 67 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کرلیا۔

فخر زمان اور مرزا طاہر بیگ بہتر فارم میں ہیں البتہ مڈل آرڈر میں بیشتر بیٹرز کی کارکردگی میں تسلسل کا فقدان نظر آرہا ہے، شائی ہوپ تیسرے نمبر پر پرفارم نہیں کر پارہے، دباؤ کے شکار دیگر بیٹرز کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزا اور لیام ڈاسن بھی بڑی اننگز کھیلنے میں مشکلات کا شکار نظر آرہے ہیں۔

پیسرز شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، زمان خان اور ڈیوڈ ویزا کو وکٹیں لینے کے ساتھ رنز کا بہاؤ روکنے کیلئے محنت کرنا ہوگی، سپنر سکندر رضا کنڈیشنز کا بہتر فائدہ اٹھا رہے ہیں مگر لیام ڈاسن گذشتہ میچ میں مہنگے ثابت ہوئے تھے۔