عدالت نےانہیں جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا، فائل فوٹو
عدالت نےانہیں جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا، فائل فوٹو

نوٹس میں گرفتاری کا کوئی حکم نہیں،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: تحریک اںصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کا نوٹس دیکھ کر موصول کرلیا لیکن نوٹس میں گرفتاری کا کوئی حکم نہیں ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے عدالتوں کا احترام کیا اور جب بھی بلایا وہ پہنچے ہیں، ہم قانونی کارروائی کریں گے۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں بلکہ محتاط کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ہم اپنا ردعمل دیں گے، ہم ایک سیاسی جماعت ہیں،ہمارا ردعمل بھی سیاسی ہوگا۔عمران خان نے اپنے گزشتہ خطاب میں مفاہمت کی بات کی اور بتا دیا میرے مفاد سے بڑا مفاد پاکستان کا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کوئی شک نہیں عمران خان کی جان کو خطرہ تھا اور خطرہ ہے جبکہ سب سے تشویشناک چیز عمران خان کی سیکیورٹی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کل گورنر کے پی کو الیکشن کی تاریخ دینا ہوگی، کیونکہ اگرالیکشن کی تاریخ نہ دی تو گورنرعدالت کی توہین کریں گے۔

عمران خان کی گرفتاری توہین عدالت ہو گی، فواد چوہدری

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فوادچوہدری نے کہاہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو 9 مارچ تک حفاظتی ضمانت دی ہوئی ہے ،اسلام آباد پولیس گرفتاری کی کوشش کرے گی تو یہ توہین عدالت ہو گی ۔

ذرائع کاکہناہے کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد پولیس کے نوٹس کیخلاف کل ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے، اسلام آباد پولیس کے نوٹس کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی ۔