بھارت میں جیولری کی دکان فلمی انداز میں لٹ گئی

میرٹھ(نیٹ نیوز) بھارت میں جیولری کی دکان لوٹنے کے لیے چوروں نے فلمی انداز اپنایا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں ہونے والی چوری کی واردات میں چور نے انوکھا انداز اپنایا۔ جیولری کی دکان کو سرنگ کھود کر لوٹا گیا جس نے دکان مالک کے ہوش ہی اڑا دیئے۔

دکان مالک جب صبح اپنی دکان پر پہنچا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ دکان میں سرنگ کھدی ہوئی ہے اور چور دکان کا صفایا کر کے فرار ہو چکے ہیں۔

پولیس کے مطابق چور نے دکان سے 10 فٹ دور نالے سے دکان تک ایک سرنگ کھودی۔ نالوں کی کمزور دیواروں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور سرنگ کے ذریعے دکان تک پہنچا۔

چور کے سرنگ بنانے کے طریقے سے لگتا ہے کہ وہ کئی روز قبل منصوبہ بندی کر چکا تھا اور باقاعدہ ناپ کے اس نے کھدائی کی کیونکہ سرنگ سیدھا جیولری کی دکان کے درمیان میں جا کر نکلی۔ چور دکان سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات لے اڑے۔