روسی حملوں میں 262یوکرینی ایتھلیٹس کی ہلاکت کا دعویٰ

کیف (انٹرنیشنل ڈیسک)یوکرین نے الزام عائد کیا ہے کہ  جنگ میں روسی حملوں کے دوران اس کے 262 ایتھلیٹس ہلاک ہوچکے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یوکرین کے وزیر کھیل وادیم ہٹسیت نے بیان میں کہا کہ روسی حملوں میں 363 اسپورٹس کے ادارے تباہ اور 262 ایتھلیٹس ہلاک ہوچکے ہیں۔

یوکرین کے دورے پرآئےانٹرنیشنل فیڈریشن آف جمناسٹک کے صدر  موریناری واتنابے سے ملاقات کے دوران وادیم ہٹسیٹ کا کہنا تھا کہ روس کے کسی ایتھلیٹ کو اولمپکس یا دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب روسی ایتھلیٹس اس جنگ کی حمایت کرتے ہیں اور اس جنگ کی حمایت میں منعقد ہونے والی تقریبات میں بھی شرکت کرتے ہیں۔ تاہم دوسری جانب بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے روسی اور بیلاروسی ایتھلیٹس کی بین الاقوامی مقابلوں میں واپسی کی سفارش کی ہے۔