مالکن کی جان بچانے والی بلی نے قومی مقابلہ جیت لیا

لندن(نیٹ نیوز)  ذیابیطس کی شکار خاتون نے اعتراف کیا ہے کہ ایک رات وہ خون میں شکر کی شدید کمی سے کومے میں جانے والی تھیں کہ انہیں ان کی پالتو بلی ’وِلو‘ نے گرنے سے بچالیا اور اس طرح بلی انہیں بچانے میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔

اسی بنا پروِلو نامی بلی کو قومی مقابلے میں اول انعام دیا گیا ہے جوبرطانوی گاؤں ، پریکسوٹ میں امینڈا جیمسن کے گھر میں رہتی ہے۔

51 سالہ امینڈا کے مطابق ایک رات وہ اپنے بستر سے اٹھنے کی کوشش کررہی تھیں کہ خون میں شکر کی خطرناک حد تک کمی کی وجہ سے وہ بےہوشی کے قریب جاپہنچی تھیں۔ یہ منظر وِلو دیکھ رہی تھی اور اس نے بھاگ کے خاتون کے شوہر رے شیئروُڈ کے پیر پر ہلکے سے کاٹ کر اسے جگانے کی کوشش کی جو گہری نیند میں تھے۔ وہ بیدار ہوئے تو بلی انہیں اپنی نگرانی میں لے کر خاتون کے پاس لے آئیں۔

خاتون کے شوہر نے دیکھا کہ وہ نیم بے ہوش ہیں اور فوری طور پر ایمبولینس بلائی گئی۔ رے نے بتایا کہ وہ ٹی وی دیکھتے ہوئے سوگئے تھے اور چار بجے بلی نے انہیں بیدار کیا تو دیکھا کہ وہ ان کے پاؤں کے پاس اچھل رہی ہے اور انہیں کاٹ رہی ہے۔

وِلو عموماً ایسا نہیں کرتی اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس کے ساتھ سیڑھیاں چڑھ کر اپنی بیگم کے کمرے میں گئے۔ اس دوران بلی بار بار رک کر انہیں دیکھ رہی تھی کہ گویا وہ انہیں بلا رہی ہے۔ ایک موقع پر خاتون بالکل بے ہوش ہوچکی تھیں۔

امینڈا کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور وہ بالکل ٹھیک ہوگئیں۔ اس کے بعد گھروالوں نے وِلو کو ہیرو بلی کہنا شروع کردیا کیونکہ اس نے فوری طور پر اپنی مالکن کی خرابی صحت کو بھانپ لیا تھا اور مالک کو اس کی اطلاع بھی دی تھی۔

ہسپتال سے واپسی کے بعد بلی کو بہت چوکنا دیکھا گیا اور وہ مالکن کے چہرے کے پاس آکر ٹھہرتی تھی کہ سانس کی آمدورفت محسوس کرسکے۔ اسی بنا پر برطانیہ میں بلی کے سالانہ مقابلے میں ’وِلو‘ کو اول انعام دیا گیا ہے۔ اس اعزاز کے لیے صارفین سےآن لائن ووٹ طلب کئے گئے تھے۔