چاچا افتخار نے ساتھی کھلاڑیوں کوعیدی دے دی

راولپنڈی (اُمت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم میں ’’چاچا ‘‘کے نام سے پہچانے جانے والے افتخار احمد نے ساتھی کھلاڑیوں سے کیا وعدہ پورا کر دیا۔
چند روز قبل کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ڈریسنگ روم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد سے عیدی دینے کا مطالبہ کرتے دیکھا گیا جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھی بابراعظم کا ساتھ دیتے ہوئے عیدی کا تقاضا کیا تھا۔


افتخار احمد کی جانب سے سوشل میڈیا صارفین سے مشورہ مانگا گیا تھا کہ کیا میرا ان لوگوں کو عیدی دینا بنتا ہے، اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک اور دلچسپ ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں افتخار احمد کو پاکستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو عیدی دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افتخار احمد نے ہاتھ میں کافی سارے انویلپ تھام رکھے ہیں اور وہ ڈریسنگ روم میں آتے ہی کہتے ہیں جسے عیدی چاہیے وہ آ جائے اور پھر وہ باری باری تمام کھلاڑیوں میں عیدی تقسیم کرنا شروع کر دیتے ہیں۔


شاداب خان نے افتخار احمد کی جانب سے ملنے والی عیدی کا انویلپ کھولتے ہوئے دکھایا کہ اس میں 500 روپے ہیں جبکہ فہیم اشرف نے افتخار احمد سے اپنا انویلپ لینے کے بعد چالاکی سے ایک اور انویلپ حاصل کیا، اس طرح وہ افتخار احمد سے سب سے زیادہ عیدی لینے والے قومی کھلاڑی رہے۔