مالیاتی خسارہ میں اضافہ،ترسیلات زر،برآمدات،سرمایہ کاری میں ریکارڈکمی

اسلام آباد(امت نیوز) رواں سال اپریل اخراجات، مالیاتی خسارہ میں اضافہ، ترسیلات زر، برآمدات، سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی، اس بات کا انکشاف وزارت خزانہ کی رواں مالی سال اپریل کی معاشی رپورٹ میں کیا گیا

رپورٹ میں رواں مالی سال جولائی تا مارچ معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی سے مارچ ترسیلات زر میں 10.8 فیصد کم ہوکر 20.5 ارب ڈالر رہیں جبکہ اسی عرصے کے دوران برآمدات 11 فیصد کم ہو کر 21.1 ارب ڈالر رہی اور مالیاتی خسارہ گزشتہ سال کی نسبت بڑھ کر 2392 ارب روپے ہو گیا۔

گزشتہ مالی سال جولائی سے مارچ مالیاتی خسارہ 2273 ارب روپے تھا، جولائی سے مارچ سالانہ ترقیاتی فنڈز 31 فیصد سے زائد کمی کے ساتھ 287 ارب خرچ ہوئے جبکہ رواں مالی سال جولائی سے مارچ بیرونی سرمایہ کاری میں 98 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے مارچ زرمبادلہ ذخائر 10 ارب ڈالر رہ گئے جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے دوران زرمبادلہ ذخائر 16.57 ارب ڈالر تھے۔

رواں مالی سال جولائی سے مارچ مہنگائی کی شرح 27.3 فیصد رہی اور رواں مالی سال ابھی تک درآمدات کا حجم 21 فیصد کمی کے ساتھ 41.5 ارب ڈالر رہا۔

رپورٹ کے مطابق  رواں مالی سال جولائی مارچ مہنگائی قابو سے باہر رہی، اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود 21 فیصد کرنے کا فائدہ نہ مل سکا جبکہ افراط زر کی شرح 35.4 فیصد تک جا پہنچی اور گزشتہ سال اپریل کے آخر تک یہ شرح 31.5 پر تھی، اشیائے ضروریہ کی قیمتٰ گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد بڑھ گئیں۔