نجم سیٹھی کی قومی ٹیم کے عالمی نمبر ون بننے پر پوری قوم کو مبارک باد

کراچی(اُمت نیوز)چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ون ڈے انٹرنیشنل میں عالمی نمبر ون بننے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
اپنے ٹوئٹ میں نجم سیٹھی نے کہاکہ آج پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل جیت کر عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے یہ بہت ہی خوشی کا موقع ہے۔ کپتان بابراعظم، پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف اس اہم موقع پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔مجھے اس ٹیم پر فخر ہے اور اس کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ میرے پچھلے دور میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی تھی اور اب وہ ون ڈے میں بھی دنیا کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہماری جو ٹریننگ ہورہی ہے وہ ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ میں کام آئے گی۔یہ عالمی رینکنگ تبدیل ہوتی رہتی ہیں لہذا یہ جو خوشی ملی ہے اسے منایا جائے۔