انٹرنیشنل کرکٹ قوانین میں نئی تبدیلیاں متعارف

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بین الاقوامی کرکٹ میں نئی تبدیلیاں متعارف کرادی ہیں ۔ پلیئنگ کنڈیشنز میں یہ تبدیلیاں چیف ایگزیکٹوز کمیٹی میٹنگ کے بعد کی گئیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں ریویو کے دوران امپائر کی جانب سے دیا جانے والا سافٹ سگنل ختم کر دیا گیا اور سافٹ سگنل کے خاتمے کا اطلاق یکم جون سے انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔
اب ٹی وی امپائرکے ریویو کے دوران امپائر سافٹ سگنل نہیں دے گا، آن فیلڈ امپائر فیصلے سے پہلے ٹی وی امپائر کے ساتھ مشاورت کرے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں ہائی رسک انجری پوزیشن والے پلیئرز کیلئے ہیلمٹ پروٹیکشن کو لازمی قرار دیا گیا۔ فاسٹ بولرز کا سامنا کرتے وقت بیٹرز ہیلمٹ لازمی پہنے گا، جب وکٹ کیپر اسٹمپس کے قریب کھڑا ہو تب ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا۔
بیٹرز کے قریب کھڑے فیلڈر کیلئے بھی ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، فری ہٹ پر گیند اسٹمپس کو لگنے کے بعد بننے والا رن اب باقاعدہ رن شمار ہوگا۔
چیئرمین آئی سی سی کرکٹ کمیٹی سارو گنگولی کا کہنا تھاکہ کھلاڑیوں کی حفاظت ہمارے لیے بڑی ضروری ہے، کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ہیلمٹ پہننے کو متعدد جگہ پر لازمی قراردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سافٹ سگنل کے خاتمے پر گزشتہ کمیٹی میٹنگ میں بھی مشاورت ہوئی تھی، کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ سافٹ سگنل غیر ضروری تھا۔