نیوزی لینڈ کرکٹ کی پاکستان کو وائٹ بال سیریز کی پیشکش

ویلنگٹن ( اُمت نیوز) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال کے آغاز میں پاکستان کے ساتھ وائٹ بال سیریز کھیلنے پر دلچسپی کا اظہار کردیا۔
ذرائع کے مطابق کیوی بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو جنوری 2024 میں نیوزی لینڈ میں کھیلنے کی دعوت دی ہے، جس میں پانچ ٹی20 انٹرنیشنل یا پھر 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنےکی تجویز زیر غور ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے دسمبر 2023 سے جنوری 2024 تک آسٹریلیا کادورہ کرنا ہے جبکہ پاکستان سپرلیگ فروری مارچ میں شیڈول ہے ، پی سی بی نےمصروف شیڈول کےباعث ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان بھی ملتوی کردیا ہے۔
دوسری جانب دورہ نیوزی لینڈ کو حتمی شکل دینے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اپنے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تجویز پر غور کرے گا جبکہ دورے کے بارے میں آئندہ چند روز میں اہم فیصلہ متوقع ہے۔