ڈاؤ یونیورسٹی اسکالر شپس پروگرام میں 5 کروڑ روپے کا اضافہ

 

کراچی (امت نیوز) ڈاؤ یونیورسٹی نے اسکالرشپ کی رقم میں 50 ملین روپے کا اضافہ کرتے ہوئے اپنے اسکالرشپ پروگرام کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے جو کہ موجودہ 120 ملین روپے میں شامل کیا گیا ہے جوگذشتہ برسوں سے طلباء کو فراہم کیے جا رہے تھے اور ان میں میرٹ اور ضرورت پر مبنی وظائف دونوں شامل ہیں۔ اس قابل تعریف اقدام سے طلباء کی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچے گا، جن کی تعداد 780 سے بڑھ کر 1000 ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ مختلف ادارے اور NGOs بھی ڈاؤ یونیورسٹی کے طلباء کو وظائف فراہم کر رہے ہیں۔
ڈاؤیونیورسٹی کے پبلک ریلیشن آفیسر کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں اضافےکے باعث ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے بسوں میں سبسڈی دی جارہی ہے، ڈاؤ یونیورسٹی کےوائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ فیس میں مجوزہ اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ متعلقہ ڈپارٹمنٹس کی جانب سے ٹرانسپورٹ فیس میں اضافہ تجویز کیا گیا تھا، تاہم طلباء کی مشکلات کے پیش ِنظر وائس چانسلر نےاضافے کی تجویز مسترد کردی ہے۔
ڈاؤیونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق گیس، بجلی، پانی، اور افرادی قوت کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے، ہاسٹل کی سالانہ فیس میں 87 ہزار روپے سےبڑھا کر محض ایک لاکھ روپے کردی گئی ہے۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ اضافہ بھی تمام طلباء پر لاگو نہیں ہوتا ہے۔
مزید برآں ریگولیٹری کونسلز چاہتی ہیں کہ ریگولیشن کے تحت ہر ادارے /انسٹی ٹیوٹ میں لائبریری ہونی چاہیے، اس کے لیے خصوصی طور پر فنڈز درکارہوتے ہیں کیونکہ بیشتر کتابیں درآمد کی جاتی ہیں اور کتابوں کی قیمتیں پہلے سے چار سے پانچ گنا بڑھ چکی ہیں۔ڈاؤ یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق یونیورسٹی اب تک طلباء سے ڈیجیٹل لائبریری اور طلباء کی سماجی سرگرمیوں کی فیس وصول نہیں کرتی تھی، تاہم، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اس کے نتیجے میں مجموعی اخراجات میں اضافے کی وجہ سےیونیورسٹی کے لئے ان فیسوں کی وصولی ضروری ہو گئی ہے۔ اب طلباء سے لائبریری اور سوشل ایکٹیوٹیزکی فیس سالانہ بنیاد پر وصول کی جا رہی ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ طلباء کی اکثریت متوسط طبقے سے آتی ہے، یونیورسٹی گزشتہ ایک سال سے طلباء کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔مجموعی طور پر، اسکالرشپ میں اضافے، بعض فیسوں میں اضافے کو ایک سطح پر منجمد کرنے، اور اپنے طلباء کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے کے اقدامات، ڈاؤ یونیورسٹی کےتعلیم کے فروغ کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی ضرورت مند طلباء کو مالی مدد کے ساتھ معیاری تعلیم فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔