جوش ملیح آبادی کی سیاسی شاعری پرجامعہ کراچی سے پہلی ڈاکٹریٹ ڈگری تفویض

کراچی(امت نیوز)جامعہ کراچی کے ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (اے ایس آر بی) نے اپنے حالیہ اجلاس میں شعبہ عمرانیات، جامعہ کراچی کے پی ایچ ڈی اسکالر، سینئر صحافی، شاعر اور آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے میڈیا ایڈوائزر سید جعفر عسکری کواُن کے مقالے بعنوان ”جوش ملیح آبادی کی سیاسی شاعری‘ برّصغیر میں تحریکِ آزادی پر اثرات کا عمرانی مُطالعہ“ پر انھیں پی ایچ ڈی ڈگری تفویض کر دی ہے۔

واضح رہے کہ شاعرِ انقلاب جوش ملیح آبادی کی شخصیت و فن پر جامعہ کراچی سے یہ پہلی ڈاکٹریٹ کی ڈگری ہے جو کسی طالبِ علم کو عطا کی گئی ہے۔ متعلقہ تحقیق ڈاکٹر کنیز فاطمہ ممدانی (سپروائزر) اورمعروف محقق وشاعر ڈاکٹر ہلال نقوی(کوسُپروائزر) کی نگرانی میں مکمل کی گئی ہے۔