کراچی: ڈیفنس ویو میں پانی کا غیر قانونی فلنگ اسٹیشن بند کرادیا گیا

کراچی (رپورٹ : سید نبیل اختر) ڈیفنس ویو میں پانی کا غیر قانونی فلنگ اسٹیشن بند کرادیا گیا ، اینٹی تھیفٹ سیل نے کارروائی کرکے ٹینکر بھی قبضے میں لے لیا ، چیف سیکریٹری سندھ کے احکامات پر واٹر بورڈ کی یہ دس روز کے دوران چھٹی کارروائی ہے ۔ گلبرگ میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف ایکسی این کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد کی ہدایت پر انچارج آپریشن اینٹی تھیفٹ سیل عامر خان نے منظور کالونی محمود آباد میں ایک غیر قانونی واٹر فلنگ اسٹیشن پر آپریشن کیا ۔کارروائی کے دوران واٹر ٹینکر سمیت دیگر آلات ضبط کرکے تھانہ بلوچ کالونی پولیس اسٹیشن میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔

وکیل عزیز کی مدعیت میں درج ہونے والے مقدمے میں کہا گیا کہ میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شاہراہ فیصل اینٹی تھیفٹ سیل میں بحیثیت اسٹاف افسر ہوں،12 جون 2023 کوافسران کی ہدایت پر سرکاری موبائل میں دیگر عملے کے ساتھ پانی چوری کو روکنے کی غرض سے تھانہ بلوچ کالونی کی حدود میں مصروف عمل تھا اور تقریبا ساڑھے 9 بجے سروس روڈ گندا نالہ ڈیفنس ویو فیز ٹوپہنچا تو ایک شخص غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ سے پمپ لگا کر پانی کا ٹینکر بھر رہا تھا،اس شخص کو عملے کی مدد سے پکڑا اور پوچھنے پر اس نے اپنا نام فضل شیر بتایا، اس شخص کو پانی سے بھرے ہوئے ٹینکر ، پمپ اور پلاسٹک کے پائپس کے ساتھ تھانے لایا گیا ہے ،میرا دعویٰ پکڑا گیا ملزم پانی چوری کرکے ٹینکر میں بھر کر پانی سپلائی کرتا ہے جس کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

دوسری جانب گلبرگ ٹاؤن میں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ گلبرگ میں چند ماہ قبل تعینات ہونے والے ایکسی این واٹر ارشد رشید کے خلاف واٹر بورڈ کے اپنے ملازمین و اہل محلہ نے احتجاج کیا ، احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹیو انجینئر اور انکے ماتحت اے ای ای عاصم و انکی ٹیم کی نااہلی کے باعث پانی کی سپلائی متاثر ہونا شروع ہوگئی ۔۔ گلبرگ ٹاؤن کے بلاک دس۔۔گیارہ۔ بارہ اور بیس سمیت فیڈریل بی ایریا بلاک چودہ ۔ سولہ عزیز آباد بلاک دو اور چار آٹھ سمیت عزیز آباد محمدی کالونی ۔ بھنگوریہ ٹاؤن کے مختلف حصوں میں بھی پانی کی سپلائی متاثر ہوگئی ہے ۔۔علاقہ مکینوں نے موجودہ اے ای ای عاصم شفیق سب انجینئر دانش اور بیلدار پر مبینہ الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ یہ افسران طویل عرصے سے گلبرگ ٹاؤن میں تعنیات ہیں جہاں سے انہیں رقم ملتی ہے وہاں لائنوں میں پانی کی سپلائی جاری رہتی ہے ،جوعلاقہ مکین ان سے معاملات ٹھیک نہیں رکھتے ، وہ پانی سے محروم رہتے ہیں ۔

زرائع کےمطابق اگر علاقوں میں پانی کی کمی اور سپلائی نہ ہونے کے حوالے سےان سے دریافت کرو تو یہی جواب ملتا ہے کہ پیچھے سے پانی کم ہے علاقوں مکینوں نے سی ای او سے اپیل کی ہےکہ ان ملازمین کو گلبرگ ٹاؤن سے دوسرے اضلاع میں ٹرانسفر کیا جائے تاکہ گلبرگ ٹاؤن میں پانی کی منصفانہ تقسیم کا عمل ممکن ہوسکے۔ وہیں بلدیہ وسطی گلبرگ ٹاؤن کے دفتر کے احاطےمیں واقع واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے دفتر میں واٹر بورڈ کے عملے نے موجودہ ایکشن ارشد رشید کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی ملازمین کےمطابق ارشد رشید نشے کی حالت میں ملازمین کو مغلظات بکتے ہیں اور اپنی ناجائز باتیں منوانے پر زور دیتا ہے ، بات ماننے سے انکار کرو تو یہ تبادلہ کرنے کی دھمکیاں دیتا ہے۔