بلدیہ عظمیٰ : بند ٹیلیفون نمبر پر رین ایمرجنسی سینٹرقائم

کراچی(امت نیوز) بلدیہ عظمی کراچی کے افسران کی انتہائی سنگین غفلت کا شاندار مظاہرہ سامنے آگیا۔ کے ایم سی اسپورٹس کمپلکس میں واجبات کی عدم ادائیگی کے سبب بند ٹیلی فون پر رین ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا گیا،یہی نہیں بلکہ تین شفٹوں میں 12 افسران بھی تعینات کردیئے گئے۔ گزشتہ دنوں بلدیہ عظمی کراچی نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلکس میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کرتے ہوئے 18 گریڈ کے کونسل افسر تحسین الرحمن سمیت تین شفٹوں میں 12 افسران کو تعینات کردیا۔

یہ سینٹر 24 گھنٹے کام کرے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رین ایمرجنسی سینٹر کے لیے ٹول فری نمبر 1339 کے ساتھ لینڈ لائن پی ٹی سی ایل نمبر02139420400 دیا گیا ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ نمبر گزشتہ کئی ماہ سے عدم ادائیگی پر منقطح کیا جاچکا ہے ۔بلدیہ عظمی کراچی کے سینئر افسران نے رین ایمرجنسی سینٹر جیسے اہم معاملے پر اس طرح کے عمل کو ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افسران کی یہ حرکت نو منتخب میئر کراچی مرتضی وہاب کے لیے جگ ہنسائی کا سبب بن سکتی ہے۔

ان افسران کا کہنا ہے کہ نو منتخب میئر کے اطراف انہی افسران نے گھیرا ڈالا ہوا ہے جو اس سے قبل سابق منتخب میئر وسیم اختر کے ساتھ رہتے تھے اور غلط مشورے دے کر انہیں متنازع بنانے کی کوشش کرتے تھے۔خاص طور پر ایچ آر ایم میں تعینات ایک افسر کے ایم سی اور سندھ حکومت کے درمیان محاذ کے لیے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔