کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہوجانے سے آدھا کراچی بجلی سے محروم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ متاثر ہونے والے علاقوں میں نارتھ کراچی، شادمان، گلشن معمار، خواجہ اجمیر نگری، شاہنواز بھٹو کالونی، سرجانی، ناگن چورنگی، شادمان ٹاون، بفرزون شامل ہیں۔

بجلی کی عدم فراہمی اور مختلف علاقوں میں غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج ہیں، ملیر اور بھینس کالونی میں 16 گھنٹے سے بجلی غائب ہونے پر اہل علاقہ نے سڑکیں بند کردیں اور احتجاج کیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ نے جینا محال کردیا ہے، بجلہ نہ ہونےکے باعث ہمیں پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ جھمپیر ٹرانسمیشن لائن میں معمولی ٹرپنگ ہوئی تھی، کے الیکٹرک کے متاثر ہونے والے گرڈ بحال کردئیے گئے ہیں، اور متاثر ہونے والے علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔