33 ویں ایس ایم سی کورس کے شرکاء کا ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) نیشنل سکول آف پبلک پالیسی، این آئی ایم، کراچی کے 33 ویں سینئر منیجمنٹ کورس کے شرکاء نے منگل کے روز اپنی جاری لازمی تربیت کے حصہ کے طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرزکا دورہ کیا۔کورس کے سینتیس شرکاء کا تعلق مختلف وفاقی پیشہ ورانہ گروپس، صوبائی سول سروسز، اکانومسٹ گروپ اور الائیڈ سروسز سے تھا۔

یادگار شہداء پر فاتحہ خوانی کے بعد شرکاء کو ایف بی آر کی طرف سے ریونیو اکٹھا کرنے کی حکمت عملی اور متعلقہ چیلنجز کے ساتھ ساتھ ان لینڈ ریونیو اور کسٹمز کے تنظیمی ڈھانچے، اہم پالیسیوں اور آپریشنل پہلووں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایف بی آر کے چیئرمین عاصم احمد اور ممبر ایڈمنسٹریشن ندیم حسین رضوی نے شرکا کو معیشت کو دستاویزی صورت دینے، مقررکردہ ریونیو اہداف کو پورا کرنے، ٹیکس دہندگان کی معلومات کی ڈیجیٹائزیشن اور انسداد اسمگلنگ کاروائیوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔

چیئرمین ایف بی آر نے شرکاء کو ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا اور پاکستان بھر کے ممکنہ چھوٹے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے آوٹ ریچ پروگراموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

بعد ازاں چیف انسٹرکٹر این آئی ایم کراچی عبدالخالق نے تفصیلی پریزنٹیشن دینے پرچیئرمین ایف بی آرکا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے شرکاء کے مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔