’پہلےموبائل چوری کیا پھردل چرالیا‘، برازیلین خاتون کی انوکھی لواسٹوری

برازیل : انٹرنیٹ پر برازیلین خاتون کی محبت کی عجیب کہانی وائرل ہونے لگی ،جس میں خاتون کو موبائل فون چھیننے والے شخص سے ہی پیار ہوگیا۔ ایسا واقعہ برازیل میں پیش آیا ہے جس میں ناصرف خاتون بلکہ ڈاکو بھی لڑکی کی خوبصورتی کا دیوانہ ہوا ۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق ایمانویلا نامی خاتون نے  انٹرویو کے دوران دو سال قبل اپنے ساتھ پیش آئے واقعے سے متعلق بتایا۔

خاتون نے کہا ‘ایک دن میں ایک گلی سے گزر رہی تھی کہ ایک شخص نے میرا فون چھینا، واردات کے بعد میں گھر لوٹ آئی لیکن بعدازاں میرے فون پر جب اس شخص نے میری تصویر دیکھی تو اس نے فون سے میرا ہی نمبر نکالا جو میں نے اپنے نام سے محفوظ کیا ہوا تھا اور اس پر میری تصویر بھی تھی‘۔

خاتون نے بتایا کہ ’جب میں نے اسی نمبر کی سِم نکلوائی تب مجھے فون کال موصول ہوئی، اس شخص نے بتایا کہ میں وہی ہوں جس نے آپ کا فون چھینا تھا، ہماری گفتگو شروع ہوئی اور میں اس کی محبت میں گرفتار ہوگئی‘۔

دوسری جانب لڑکے کا کہنا تھا کہ ’میں نے جب فون پر تصویر دیکھی تو میں ایمانویلا کی خوبصورتی کا دیوانہ ہوگیا،اسی لیے میں نے سوچا کیوں نہ اس لڑکی سے بات چیت کی جائے کیونکہ میری زندگی میں کوئی دوسری لڑکی نہیں تھی‘۔

انٹرویو میں برازیلین لڑکی ایمانویلا نے انکشاف کیا کہ اب وہ دونوں دو سال سےساتھ ہیں اور جلد شادی کرلیں گے۔