کراچی میں یوم آزادی پر بھی بدترین لوڈشیڈنگ، شہری بلبلا اٹھا

کراچی: جشن آزادی کی شب اور14 اگست کو دن بھر کراچی کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی گئی جس سے یوم آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئیں،لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھروں میں خواتین،بچوں ،بزرگوں اور بیماروں سمیت شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔یوم آزادی کا جشن اورعام تعطیل کے باوجود کے الیکٹرک نے کراچی والوں کونہیں بخشا۔گلشن حدید،کورنگی، ملیر،قیوم آباد،لیاری کیماڑی سمیت مختلف علاقوں میں سوفیصد بلنگ والے علاقوں میں نصف شب کے بعد اورپیرکے روز دن بھرمختلف اوقات میں لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

گلشن حدید فیز ٹو کے مکینوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف آزادی سے انحراف پرغداری کامقدمہ درج کیا جائے یوم آزادی پر بھی گلشن حدید فیز ٹوکی بجلی بند کردی گئی ۔ کورنگی سیکٹر30 اور31 میں پوش سوسائٹیوں کوبلاتعطل بجلی فراہم کی گئی تاہم ان سوسائٹیوں کے اطراف واقع عبدالخالق اللہ والا ٹاؤن،کے ڈی اے ایمپلائز،الواسع ٹاؤن میں نصف شب کے علاوہ پیرکو 14کے دن بھی 12 گھنٹے بجلی بند رکھی گئی علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 100 فیصد بلنگ کے باوجود کے الیکٹرک میں بیٹھی مافیا نے علاقے کوٹارگٹ کیا ہوا ہے ۔

دوسری طرف لیاری میں جشن آزادی کی شب بجلی کی طویل دورانیہ کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پرشہری بلبلا اٹھے،گلستان جوہر،ملیر،ناظم آباد سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں پیرکے روز جشن آزادی کے دن کے الیکٹرک کی جانب سے 10 گھنٹے کی شیڈول لوڈشیڈنگ کے علاوہ 4 گھنٹے کی مختلف اوقات میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرکے شہریوں کوپریشان کردیا۔14 اگست کی تعطیل کے باوجود لوڈ شیڈنگ پرشہریوں نے غم وغصے کا اظہارکیاہے۔ترجمان کے الیکٹرک نے پیرکوعام تعطیل کے باوجود لوڈ شیڈنگ پرکہاہے کہ بعض علاقوں میں تکنیکی فالٹ کی وجہ سے بجلی کی سپلائی میں تعطل ہوا ہے کراچی میں بجلی کی سپلائی معمول کے مطابق ہے۔