ایشیا کپ،ٹیموں کی شرٹس پر پاکستان کا لوگو نہ ہونے کی وجہ سامنے آگئی

لاہور (اُمت نیوز) ایشیا کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی شرٹس پر میزبان ملک پاکستان نہ لکھے جانے کی وجہ سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے گزشتہ ایشیا کپ کے دوران میزبان ملک کا نام نہ لکھنے کا فیصلہ کیا اور اے سی سی میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ اسی کے ساتھ میزبان ملک کے ساتھ سال بھی نہ لکھنے کا فیصلہ ہوا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ شرٹس پر سری لنکا 2022 اور یو اے ای 2022 لکھے جانے کی وجہ سے فیصلہ ہوا، شرٹس مختلف لوگو کے ساتھ موجود تھیں اور ایک شرٹ پر صرف سال لکھا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے سی سی کا مقصد شرٹس میں تسلسل لانا تھا تاکہ لوگو میں یکسانیت ہو اور زیادہ لوگوں تک پہنچے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ برس شرٹس پرنٹ ہونے کی وجہ سے میزبان ملک کے نام نظر آئے اور گزشتہ برس کے فیصلے کی روشنی میں صرف ایشیا کپ کے لوگو کا استعمال ہو رہا ہے، اس فیصلے کی وجہ سے سال اور میزبان ملک کا نام شرٹ کے لوگو میں شامل نہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے دوران پاکستان کا نام میزبان کی حیثیت سے شرٹ پرنہ ہو نے کی وجہ سے معاملہ اٹھا تھا اور پاکستانی فینز نے اس پر شدید تنقید بھی کی تھی۔