لاڑکانہ کا لڑکا،فلپائن کی لڑکی،ویڈیو لنک پر نکاح کرلیا

لاڑکانہ: لاڑکانہ شہر کی غازی عباس کالونی کے رہائشی اسلام آباد میں نجی ملازمت کرنے والے نوجوان اوشاق شیخ نے فلپائنی لڑکی منوکھا کوکب سے ویڈیو لنک پر نکاح کرلیا ، نوجوان کی نکاح کی تقریب شہر کے سمبارا ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں اہل خانہ سمیت دوستوں اور عزیزوں نے شرکت کی، تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعے فلپائنی لڑکی منکوکہا کوکب کے ساتھ نکاح کیا گیا، نکاح کے بعد اہل خانہ دوستوں اور عزیزوں نے اوشاق شیخ کو مبارک باد دی اور ہار پہنائے۔

اس موقع پر تقریب میں شامل دولہے کے رشتے دار اور خواتین کی خوشی دیدنی تھی جو سیلفیاں بناتی رہیں۔ اس موقع پر دولہے اوشاق شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل منکوکھا کوکب سے فیس بک پر رابطہ ہوا جو دوستی اور پیار میں بدل گیا، اب نکاح کے بعد قانونی کارروائی مکمل ہونے پر مجھے فلپائن کا ویزہ ملے گا، منکوکہا کوکب فلپائن میں ٹیچر ہے، جلد اس سے ملنے جائوں گا۔