کراچی انٹر کے انرولمنٹ فارم جمع کرانے کی تاریخوں کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس، کامرس، آرٹس، ہوم اکنامکس گروپس،خصوصی امیدواروں، ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن اورمیڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء میں شرکت کے خواہشمند ایسے امیدواروں کیلئے بروز منگل 12ستمبر سے بروز پیر 25ستمبر تک انرولمنٹ فارم جمع کروانے کی خصوصی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے جو تمام تر مواقع دینے کے باوجود ابھی تک اپنے انرولمنٹ فارم جمع نہیں کرواسکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے ایسے طلباء جو ابھی تک انرولمنٹ فارم نہیں جمع کرواسکے وہ اپنے فارم 2 ہزار روپے جرمانے (Penalty) کے ساتھ بروز منگل 12ستمبر سے بروز پیر 25ستمبر 2023ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرسکتے ہیں جبکہ کالجز اور ہائیر سیکنڈری اسکولز انرولمنٹ فارمز اور فیسوں کا پے آرڈر بروز بدھ 27ستمبر اور بروز جمعرات 28ستمبر کو انٹربورڈ آفس کے اکاؤنٹس سیکشن (کمرہ نمبر 4) میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔

یاد رہے کہ رواں سال محترم وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام سرکاری کالجوں اور ہائرسیکنڈری اسکولوں کے طلباء کی انرولمنٹ فیس معاف کردی گئی ہے۔ اسی طرح نجی کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے درج بالا تمام گروپس کے ایسے طلباء جو اپنے انرولمنٹ فارم جمع کروانے میں ناکام رہے ہیں وہ اپنے فارم5 ہزار 600 روپے (انرولمنٹ فیس 1600 بمع 4ہزار روپے لیٹ فیس) کے ساتھ بروز منگل 12ستمبر سے بروز پیر 25ستمبر 2023ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرسکتے ہیں جبکہ کالجز اور ہائیر سیکنڈری اسکولز انرولمنٹ فارمز اور فیسوں کا پے آرڈر بروز بدھ 27ستمبر کو انٹربورڈ آفس کے اکاؤنٹس سیکشن (کمرہ نمبر 4) میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے طلباء کو آگاہ کیا ہے کہ نامکمل اور قابل اعتراض فارم قابل قبول نہیں ہوں گے۔