انٹرمیڈیٹ کےامتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے انٹرمیڈیٹ حصہ اول (فریش) اور حصہ اول (Repeaters) کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس، ہوم اکنامکس گروپس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء میں شریک ہونے کے اہل اور خواہشمند امیدواروں کو امتحانی فارم جمع کروانے کیلئے بروزبدھ 3 جنوری 2024ء سے تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کے انٹرمیڈیٹ حصہ اول (فریش) کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور ہوم اکنامکس گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء میں شریک ہونے کے اہل امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز بدھ 3 جنوری 2024 ء سے بروز جمعہ 16فروری 2024ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں۔ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکول تمام امتحانی فارم بروز پیر 19فروری سے بروز بدھ 21فروری 2024ء تک اپنے نمائندوں کے ذریعہ بورڈ آفس کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔رواں سال 2024ء میں بھی وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پرتمام سرکاری کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ان طلباء کی فیس معاف کردی گئی ہے جو پہلی دفعہ انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے امتحانات میں شرکت کررہے ہیں، لہٰذا سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے امتحانی فارمز جمع کرواسکتے ہیں۔