کراچی میں پانی کے بحران نے پھر سر اٹھا لیا،کئی علاقوں سپلائی منقطع

کراچی: شہرقائد میں پانی کےبحران نے ایک بار پھر سراٹھالیا۔کئی اضلاع کے علاقوں میں واٹر بورڈ کی جانب سے پانی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔ جبکہ رینجرزکی پانی چوروں کے خلاف کارروائی کے خوف کے باعث واٹربورڈ سے سستاٹینکرخرید کر مہنگاپانی فروخت کرنے والے مراکز دوبارہ آباد ہوگئے۔کورنگی کراسنگ،اللہ والاٹاؤن،ناصرکالونی،ضیاکالونی،شاہ فیصل کالونی،ملیر،گلستان جوہر،نارتھ کراچی،صدر سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی کئی کئی روز بند رہنے لگی۔

دوسری جانب واٹربورڈ سے حاصل کئے گئےپانی کی مہنگے داموں غیرقانونی فروخت عروج پرپہنچ گئی ہے۔پانی کی غیرقانونی فروخت کے خلاف رینجرز کارروائیوں کے بعد کورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں بند ہوجانے والے پانی کی غیرقانونی فروخت کے مراکز پولیس اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے دوبارہ فعال ہوگئے ہیں اورسڑکوں اورگنجان آبادیوں میں کھلے عام پانی کی فروخت جاری ہے،واٹربورڈ کےمختلف ہائیڈرنٹس سےشہریوں کے نام پر جاری ہونے والے 22 وہیلر ٹینکرزگرین بیلٹ پرپانی محفوظ کرنے کے لیے بنائے گئے ٹینکوں اورگھروں میں قائم تالابوں میں خالی کرنے کے بعد پانی چھوٹی گاڑیوں میں بھرکرفروخت کیا جارہاہے۔قبل ازیں رینجرزکی جانب سے کارروائیوں کے خوف کے باعث کورنگی کراسنگ،عبدالخالق اللہ والاٹاؤن،ناصرکالونی،ضیاکالونی سمیت اطراف کے علاقوں میں پانی کی غیرقانونی فروخت کے یہ مراکز بند ہوگئے تھے جو ایک بارپھرفعال ہوگئے ہیں۔پانی سے محروم علاقوں میں مہنگے داموں فروخت کرکے ڈبل منافع کمایا جارہا ہے۔