معروف سابق کرکٹر خالد لطیف بھی سیاسی میدان میں آگئے

کراچی (اُمت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر اور جارح مزاج بلے باز خالد لطیف کی کرکٹ کے بعد اب سیاسی میدان میں انٹری، کراچی سے سندھ اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑنے کو تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خالد لطیف کو تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے ٹکٹ جاری کردیا گیا۔ ٹی ایل پی نے کراچی سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں اور اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستوں پر اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کردی ، جس کے مطابق ٹی ایل پی نے کراچی سے قومی اسمبلی کی 22 نشستوں کے لیے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے ہیں۔

قومی اور صوبائی اسمبلی میں اقلیتوں کے لیے مختص نشستوں کے لیے ایک خاتون سمیت 4 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے ہیں، جن میں سجن کو دونوں ایوانوں کے لیے نامزد کردیا گیا ہے۔ ٹی ایل پی نے کراچی سے سندھ اسمبلی کی 47 نشستوں پر اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں، جن میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں اور سرفہرست کرکٹر خالد لطیف ہیں۔

امیدواروں کی تصاویر کے ساتھ جاری فہرست کے مطابق خالد لطیف پی ایس-89 ملیر 6 سے ٹی ایل پی کے سندھ اسمبلی کے امیدوار ہوں گے۔