فیملی کے ساتھ بدسُلوکی،شکایت پر مریم نواز کا محمد عامر کو ٹیلیفون

 

کوئٹہ(اُمت نیوز)کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے فاسٹ بالرمحمد عامر کی جانب سے پی ایس ایل 9 کے ملتان میں ہونے والے میچ کے دوران اپنی فیملی کے ساتھ بدسلوکی کی شکایت پر نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کھلاڑی کو فون کر کے معلومات لی ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پراپنی پوسٹ میں کرکٹر نے مریم نواز کو اس حوالے سے بتاتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ملتان کے ڈپٹی کمشنر نے میچ کے دوران مبینہ طور پراُن کے اہلخانہ کے ساتھ بدسلوکی کی۔

عامر کے مطابق ، ’ٖڈی سی نے متکبرانہ انداز سے گراؤنڈ کی ملکیت کا دعویٰ کیا اور میچ کے دوران میری فیملی کو بلاجواز باہرنکال دیا۔ یونیفارم میں طاقت کا غلط استعمال ناقابل برداشت ہے!‘

اس پوسٹ کے بعد مریم نواز نے محمد عامر کو فون کرکے معلومات حاصل کیں۔

عامر نے تازہ ایکس مین پوسٹ میں بتایا کہ فیملی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر مریم نواز نے نوٹس لیکر اپنا قیمتی وقت نکال کر مجھے فون کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔

کھلاڑی نے لکھا، ’ڈپٹی کمشنر ملتان نے بھی ذاتی طور پرمیری غلط فہمی دور کردی ہے‘ میں آپ کی کی کاوش کو سراہتاہوں اور آپ کے نئے سفر (وزارت اعلیٰ) میں میری نیک خواہشات آپکے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ26 فروری کو ضلعی انتظامیہ کے افسران نے محمد عامر،عمر امین اورمعین خان کی فیملیز کو پلیئرز باکس سے باہر جانے کو کہا تھا جس پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ پی سی بی اس طرح کے اقدامات کی روک تھام کرے، ضلعی انتظامیہ کے افسران کو کوئی حق نہیں بکہ کھلاڑیوں کی فیملیز کے ساتھ ناروا رویہ اختیارکریں۔

اس احتجاج کے بعد ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی افسران بھی وہاں اسٹیڈیم میں پہنچے تھے۔

سیزن 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے محمد عامر آٹھویں سیزن میں کراچی کنگز کا حصہ تھے۔