آ ج سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کاامریکی اعلان
دنیا کےکچھ ممالک نے ہم سے مدد مانگی۔ امریکی صدر کا سوشل میڈیا پر بیان
امریکی صدر نے آج بروز پیر سے آبنائے ہرمز کھولنے کی شروعات کا اعلان کیا ہے تاکہ پھنسے ہوئے جہازوں کو نکالا جاسکے۔ اس کارروائی کو ٹرمپ نے “پراجیکٹ فریڈم” کا نام دیا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہاکہ دنیا کےکچھ ممالک نے ہم سے اپنے جہاز نکالنےکیلئے مدد مانگی، ان ملکوں کا مشرق وسطیٰ کے تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔تاہم انہوں نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی طرح مداخلت سے طاقت کے ذریعے نمٹا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق جہازوں کی یہ نقل و حرکت اُن افراد، کمپنیوں اور ممالک کی مدد کے لیے ہے جنھوں نے بالکل کوئی غلط کام نہیں کیااور جو محض حالات کا شکار ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو امریکہ، مشرقِ وسطیٰ کے ممالک اور خصوصاً ایران کی جانب سے ایک انسانی ہمدردی کا قدم قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی جہازوں پر خوراک اور دیگر ضروری سامان کی کمی ہے جو بڑے عملے کے لیے صحت مند اور صاف ستھرے ماحول میں جہاز پر قیام کے لیے لازم ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ اقدام گزشتہ کئی ماہ کے دوران شدید تنازع میں الجھے فریقوں کی جانب سے خیرسگالی کے اظہار میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق انھوں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ ممالک کو مطلع کریں کہ امریکہ آبنائے ہرمز سے جہازوں اور اُن کے عملے کی محفوظ روانگی کے لیے بہترین کوششیں کرے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ متعلقہ ممالک نے بتایا ہے کہ یہ جہاز اُس وقت تک علاقے میں واپس نہیں آئیں گے جب تک اسے جہاز رانی کے لیے محفوظ قرار نہیں دیا جاتا۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ان کے نمائندے ایران کے ساتھ انتہائی مثبت بات چیت کر رہے ہیں، اور یہ مذاکرات سب کے لیے کسی مثبت پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں۔