مغربی کنارے میں آبادکاروں کے حملے ۔فلسطینیوں کے گھر اورگاڑیاں نذرآتش
فلسطینی علاقوں میں جھڑپیں، شہری زخمی، گھروں پر حملے اور املاک کو نقصان پہنچا
جنوبی مغربی کنارے کے شہر ہیبرون کے پرانے شہر میں 14 فروری 2026 کو چھاپے کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے سیکیورٹی اقدامات کیے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے نئے حملوں میں گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی، متعدد فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں مختلف علاقوں پر اسرائیلی آبادکاروں نے منظم حملے کیے، جن میں گھروں اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا گیا اور فلسطینی شہریوں پر تشدد کیا گیا۔
جنوبی ہیبرون کے علاقے خربت شُویکہ میں ایک فلسطینی شخص اور اس کے بچے پر تیز دھار چیزوں سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں کو سر پر شدید چوٹیں آئیں اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
نابلس کے جنوب میں واقع گاؤں اللبان الشرقیہ میں آبادکاروں نے ایک گھر کو آگ لگا دی، جس کے بعد فلسطینی سول ڈیفنس کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
رام اللہ کے شمال مشرقی علاقے ابو فلاح میں آبادکاروں نے گاؤں کے اطراف پر دھاوا بول دیا، ایک شہری کی گاڑی کو آگ لگا دی اور گھروں کی دیواروں پر نسل پرستانہ نعرے بھی لکھ دیے۔
جنین کے گاؤں العصاصہ میں اسرائیلی فورسز نے ایک تازہ دفن شدہ میت کو نکال کر دوسری جگہ منتقل کرنے پر مجبور کیا، اور دعویٰ کیا کہ قبر غیر قانونی اسرائیلی بستی کے قریب تھی.
اسی طرح بیت لحم کے جنوب میں واقع بیت فجار میں ایک فلسطینی شہری پر حملہ کیا گیا اور اس کا موبائل فون بھی چھین لیا گیا۔
بیت لحم کے علاقے برک سلیمان میں پکنک منانے والے فلسطینیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس اور سٹن گرینیڈز کا استعمال کیا جس کے باعث لوگوں کو علاقہ چھوڑنا پڑا۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق واقعے میں دو افراد کو آنسو گیس سے متاثر ہونے پر طبی امداد دی گئی جبکہ پانچ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔