چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنےخلاف پانچ شکایات کی تفصیلات جاری کردیں

سپریم جوڈیشل کونسل نے تمام شکایات متفقہ طور پر خارج کرنے کا اعلان کیا

May 21, 2026 · قومی

 

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے خلاف جمع پانچ شکایات کی تفصیلات پبلک کردیں۔سپریم جوڈیشل کونسل کے اعلامیہ کے مطابق پہلی شکایت پشاور ہائیکورٹ کے وکیل صبغت اللّٰہ شاہ نے دائر کی تھی۔

یہ شکایت 2016 میں بطور جج جمع کرائی گئی تھی، جس میں میرٹ کے اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے 14 مئی کے اجلاس میں پہلی شکایت متفقہ طور پر خارج کر دی تھی۔

چیف جسٹس کے خلاف دوسری شکایت کراچی کے شہری امجد حسین درانی نے دائر کی تھی۔ شکایت میں الزام تھا کہ سپریم کورٹ میں مقدمہ بغیر شنوائی خارج کیا گیا جو مس کنڈکٹ ہے۔ کونسل نے دوسری شکایت کو بھی متفقہ طور پر خارج کر دیا تھا۔

تیسری شکایت کراچی کے رہائشی کامران خان نے دائر کی، جس میں شنوائی نہ دینے کا الزام تھا۔ اعلامیہ کے مطابق جوڈیشل کونسل نے تیسری شکایت بھی متفقہ طور پر خارج کر دی۔

چوتھی شکایت وہاڑی کے رہائشی محمد مسعود نے دائر کی، جس میں مارچ 2023 کے فیصلے پر اعتراض تھا۔ اعلامیہ کے مطابق اس شکایت کو بھی کونسل نے متفقہ طور پر خارج کیا۔

پانچویں شکایت لاہور ہائیکورٹ کے وکیل امجد محمود نے دائر کی، جس میں وکیل پر پابندی کو مس کنڈکٹ قرار دیا گیا سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف جسٹس کے خلاف پانچویں شکایت بھی متفقہ طور پر خارج کر دی۔