امریکہ ایران مذاکرات پر شکوک۔عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں
سرمایہ کاروں میں اعتماد کی کمی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ
امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے ممکنہ مذاکرات پر شکوک و شبہات بڑھنے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
سرمایہ کار اس پیش رفت پر غیر یقینی کا شکار ہیں کیونکہ دونوں ممالک تہران کے یورینیم ذخائر اور آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے معاملے پر تاحال تعطل کا شکار ہیں۔
برینٹ خام تیل کی قیمت میں 2.38 ڈالر (2.3 فیصد) اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 104.96 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 1.73 ڈالر (1.8 فیصد) اضافے کے ساتھ 98.08 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعرات کے روز دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جو گزشتہ دو ہفتوں کی کم ترین سطح تھی۔