کویت میں 2 ایرانی میزائل مار گرانے کا امریکی دعویٰ

سینٹ کام کے مطابق حملہ رات 11بجے ہوا

June 1, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں تعینات امریکی فورسز نے ایران کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی ناکام بنا دیے۔

سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق ایران کی جانب سے یہ حملہ رات 11 بجے کیا گیا تھا، تاہم دونوں میزائل فوری طور پر ناکام بنا دیے گئے اور کسی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔

سینٹ کام نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس سے قبل امریکا نے ایران کے گورک اور جزیرہ قشم میں ڈرونز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول تنصیبات پر حملے کیے تھے۔

امریکی فوج کے مطابق ان کارروائیوں میں ایرانی فضائی دفاعی نظام، گراؤنڈ کنٹرول اسٹیشن اور ڈرونز کو تباہ کیا گیا، اور یہ اقدامات ایران کے جارحانہ حملوں کے جواب میں کیے گئے۔

ادھر ایران نے امریکی حملے کے لیے استعمال ہونے والے فضائی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم اس کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

اس سے قبل کویتی فوج نے کہا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنایا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ ایران کو ان علاقائی اڈوں اور اثاثوں کے خلاف جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے جنہیں ایران پر حملوں کے لیے استعمال کیا گیا ہو۔