اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
پاکستان جنگ بندی برقرار رکھنے کی کوششوں کی حمایت کرے,ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی
فائل فوٹو
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے اور خطے کی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنان میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے بیروت کے بعض علاقوں پر ممکنہ حملوں سے متعلق اسرائیلی حکومت کے احکامات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
Deputy Prime Minister / Foreign Minister, Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 spoke with the Foreign Minister of Iran, Seyed Abbas Araghchi @Araghchi to discuss the current regional situation and developments of mutual interest.
FM Araghchi expressed serious concern over… pic.twitter.com/Sfmj6bpU73
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) June 1, 2026
ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان سے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی درخواست کی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جنگ بندی برقرار رکھنے کی کوششوں کی حمایت کرے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جنگ بندی کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مفاہمتوں اور سمجھوتوں کو برقرار رکھنے کے لیے جنگ بندی کا قائم رہنا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے برقرار رہنے سے خطے میں استحکام اور امن کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔