نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سعودی ریال اوریو اے ای درہم میں بھی دستیاب

اوورسیز پاکستانی اب ان کرنسیوں بھی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں

June 2, 2026 · کامرس

فائل فوٹو

 

 نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اب سعودی ریال اور متحدہ عرب امارات کے درہم میں بھی دستیاب ہوں گے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کو سعودی ریال اور یو اے ای درہم میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو پہلے ہی پاکستانی روپے، امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ اور یورو میں دستیاب تھے۔

سرکلر کے مطابق سعودی ریال، یو اے ای درہم، امریکی ڈالر اور یورو میں کم از کم سرمایہ کاری ایک ہزار یونٹس ہوگی، اور سرمایہ کاری کو 500 یونٹس کے اضافے کے ساتھ بڑھایا جا سکے گا۔ پاکستانی روپے میں سرمایہ کاری کی کم از کم حد 10 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں ایک ہزار روپے کے ضرب سے اضافہ ممکن ہے۔

سرکلر میں بتایا گیا کہ سعودی ریال میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی نیشنل بینک اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ استعمال ہوں گے، جبکہ یو اے ای درہم میں سرمایہ کاری کے لیے فرسٹ ابو ظہبی بینک اور سٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ نمبر استعمال ہوں گے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق سعودی ریال اور یو اے ای درہم میں جاری کیے جانے والے سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح یکساں ہے: تین ماہ کی مدت کے لیے 6.50 فیصد اور پانچ سالہ مدت کے لیے 7.50 فیصد مقرر کی گئی ہے۔