آئی سی سی نے لارڈز اور قذافی اسٹیڈیم کی پچز کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا

دونوں مقامات کو ایک ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ، رپورٹس بورڈز کو ارسال

June 9, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

دبئی: بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ اور قذافی اسٹیڈیم کی پچز کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے دونوں مقامات کو ایک ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔

آئی سی سی نے اپنی رپورٹس انگلش بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو ارسال کر دی ہیں۔

لارڈز میں کھیلے گئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے پہلے ٹیسٹ اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے تیسرے ون ڈے کی پچز کا جائزہ لیا گیا۔

میچ ریفریز اینڈی پائکرافٹ اور گریم لا بروئے نے اپنی رپورٹس میں امپائرز اور دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے تحفظات کو شامل کیا۔

لارڈز کی پچ کے بارے میں اینڈی پائکرافٹ نے کہا کہ پورے میچ میں غیر معمولی سیم موومنٹ رہی اور گیند کئی مواقع پر غیر متوقع طور پر نیچی بھی رہی، جبکہ باؤنس بھی غیر یکساں تھا، جس سے وکٹ بلے اور گیند کے درمیان توازن کھو بیٹھی۔

قذافی اسٹیڈیم کی پچ کے حوالے سے گریم لا بروئے نے کہا کہ وکٹ انتہائی سست اور نیچی تھی، جس سے رنز بنانا مشکل ہو گیا اور یہ ون ڈے معیار کے مطابق نہیں تھی، جبکہ اسپنرز کو شروع سے ہی مدد ملتی رہی۔

آئی سی سی کے مطابق رپورٹس انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھجوا دی گئی ہیں، اور دونوں بورڈز کو فیصلے کے خلاف اپیل کے لیے 14 دن کا وقت دیا گیا ہے۔