بی آئی ایس پی کے دائرہ کار میں توسیع، مستحق خاندانوں کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ تک پہنچانے کا اعلان

بی آئی ایس پی کے بجٹ میں 838 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش

June 12, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سماجی تحفظ کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار میں نمایاں توسیع کا اعلان کیا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق حکومت نے مستحق خاندانوں کی کفالت کے لیے بی آئی ایس پی کے تحت شامل خاندانوں کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس توسیع کے نتیجے میں تقریباً 92 لاکھ بچوں کو تعلیمی وظائف پروگرام سے فائدہ پہنچے گا۔

حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے بی آئی ایس پی کے بجٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ تجویز کیا ہے۔ پروگرام کے لیے 838 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔ حکام کے مطابق اضافی وسائل سے سماجی تحفظ کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے بھی مالی معاونت میں اضافہ

دوسری جانب حکومت نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے بھی مالی معاونت میں اضافہ کیا ہے۔ بجٹ کے تحت آزاد جموں و کشمیر کے لیے 146 ارب روپے جبکہ گلگت بلتستان کے لیے 88 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اسی طرح خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور انتظامی ضروریات کے لیے 95 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔