کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ استعمال کرنیوالوں کو ریلیف مل گیا

کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے بیرون ملک استعمال پر ہر ٹرانزیکشن پر ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے کم کر کے 0.5 فیصد کرنے کی تجویز

June 12, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

اسلام آباد: حکومت نے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ والوں کو ریلیف فراہم کر دیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے بیرون ملک استعمال پر ہر ٹرانزیکشن پر ٹیکس کی شرح 5 فیصد سے کم کر کے 0.5 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ تقریر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوان کے سامنے بجٹ پیش کرنا میرے لیے اعزاز ہے، میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، تیسرا بجٹ پیش کرنا میرے لیے اعزاز ہے، بجٹ تیاری میں تعاون پر وزیراعظم اور بلاول بھٹو کا مشکور ہوں۔

محمد اونگزیب نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن، بجٹ 2026-27 ترقی اور عوامی ریلیف کا بجٹ ہے، حکومت نے معیشت کو بحران سے نکال کر استحکام کی راہ پر ڈالا، پاکستان کی عالمی ساکھ بہتر ہوئی، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال ہوا، معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر اور ایکسچینج ریٹ میں استحکام حاصل کیا گیا۔

بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی میں نمایاں کمی اور مالی نظم و ضبط حکومت کی بڑی کامیابی ہے، صنعتی شعبے اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری ریکارڈ کی گئی، برآمدات اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نئی حکمت عملی متعارف کرائی جا رہی ہے، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری عالمی اعتماد کا اظہار ہے۔