اسرائیلی فوج کا حزب اللّٰہ کے سینئر کمانڈر علی موسیٰ دقدوق کو شہید کرنے کا دعویٰ

علی موسیٰ دقدوق ماضی میں حزب اللّٰہ کے مبینہ گولان پورٹ فولیو کے سربراہ رہے ہیں۔اسرائیلی فوج

فائل فوٹو

فائل فوٹو

تل ابیب: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں دریائے لیتانی کے جنوب میں کیے گئے ایک حملے میں حزب اللّٰہ کے سینئر کمانڈر علی موسیٰ دقدوق مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق علی موسیٰ دقدوق ماضی میں حزب اللّٰہ کے مبینہ گولان پورٹ فولیو کے سربراہ رہے ہیں۔ یہ یونٹ اسرائیلی سرحد کے قریب عسکری ڈھانچے قائم کرنے اور شمالی اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا ذمہ دار تھا۔

صہیونی حکام کے مطابق یہ کارروائی ان افراد کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے جنہیں اسرائیل اپنی سیکیورٹی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔

علی موسیٰ دقدوق سابق حزب اللّٰہ سربراہ شہید حسن نصراللّٰہ کے سیکیورٹی یونٹ کے سربراہ رہے، وہ حزب اللّٰہ کی خصوصی فورس رضوان فورس کے کمانڈر رہے اور حزب اللّٰہ کے نصر یونٹ کے آپریشنز ونگ میں کمانڈ کی ذمہ داریاں انجام دیں اور تنظیم کے انفنٹری شعبے کی قیادت کی۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے دقدوق لبنان کی سرحد پر اسرائیلی فوج کے خلاف حزب اللّٰہ کی متعدد کارروائیوں اور آپریشنل منصوبہ بندی میں مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔