دشمن کے دل پر وار کرنے کے لیے انگلی ٹرگر پر ہے، ایرانی فوجی کمانڈر
ہماری فوجی صلاحیتیں اب پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور جدید ہیں اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،کمانڈر علی عبداللہی
فائل فوٹو
تہران: ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر علی عبداللہی نے واضح کیا ہے کہ ایرانی افواج ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ طاقتور ہو چکی ہیں اور ملکی دفاع کے لیے ہر لمحہ الرٹ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے فوجیوں کی “انگلی ٹرگر پر ہے” اور وہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں “دشمن کے دل” کو نشانہ بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے ‘مہر نیوز’ کے مطابق، کمانڈر علی عبداللہی نے قوم کے نام اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ ایران کی مزاحمتی تحریک نے بین الاقوامی امور میں ایک “نئے باب” کا آغاز کیا ہے، جس نے ایران کو عالمی سطح پر ایک “بااثر عالمی طاقت” کے طور پر منوایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری فوجی صلاحیتیں اب پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور جدید ہیں اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق ایرانی کمانڈر کا یہ بیان خطے میں جاری کشیدگی اور بین الاقوامی سطح پر ایران کی بڑھتی ہوئی عسکری قوت کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔