ایران امریکا 14 نکاتی معاہدے کا مسودہ سامنے آگیا

ممکنہ حتمی معاہدے کی بین الاقوامی توثیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے ذریعے کرانے کی تجویز بھی شامل ہے۔

June 15, 2026 · اہم خبریں
ایران امریکا 14 نکاتی معاہدے کا مسودہ سامنے آگیا

ایران امریکا 14 نکاتی معاہدے کا مسودہ سامنے آگیا

ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ 14 نکاتی مفاہمتی فریم ورک کی اہم تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں، جن میں پابندیوں میں نرمی، اقتصادی اقدامات اور خطے میں کشیدگی کم کرنے سے متعلق متعدد نکات شامل ہیں۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ مسودے میں امریکی بحری ناکہ بندی کو 30 روز کے اندر ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایران کی تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی برآمدات پر عائد پابندیوں کو معطل کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مسودے میں لبنان سمیت مختلف محاذوں پر فوری اور مستقل جنگ بندی کی شقیں شامل ہیں تاکہ خطے میں استحکام اور امن کو فروغ دیا جا سکے۔

دستاویز کے تحت ایران کی تعمیرِ نو اور معاشی بحالی کے لیے امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے کم از کم 300 ارب ڈالر فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ معاہدے میں ایران کے میزائل پروگرام اور خطے میں سرگرم مزاحمتی گروپوں کی حمایت جیسے معاملات شامل نہیں کیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ مذاکراتی عمل کے دوران ایران کے 24 ارب ڈالر مالیت کے منجمد اثاثوں کی بحالی جبکہ ابتدائی مرحلے میں 12 ارب ڈالر جاری کیے جانے کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں۔

مسودے کے مطابق ممکنہ حتمی معاہدے کی بین الاقوامی توثیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے ذریعے کرانے کی تجویز بھی شامل ہے۔

تاہم تاحال اس مجوزہ مسودے کی باضابطہ منظوری یا حتمی معاہدے کے حوالے سے کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا۔