وزیرِ اعظم شہباز شریف جنیوا میں امریکہ۔ایران معاہدے کی تقریب میں شریک ہوں گے

اعلیٰ سطح وفد بھی ہمراہ ہوگا، ابتدائی مفاہمتی یادداشت پر دستخط متوقع

June 15, 2026 · قومی

ایران اور امریکہ کے معاہدے کی تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہبازشریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جنیوا میں منعقد ہونے والی اس اہم تقریب میں شرکت کریں گے، جہاں امریکہ اور ایران کے درمیان ابتدائی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز ہونے والے اس معاہدے کے بعد ایران کے جوہری پروگرام، پابندیوں میں نرمی اور دیگر اہم امور پر آئندہ 60 دن تک تفصیلی مذاکرات جاری رہیں گے۔ یہ مرحلہ فریقین کے درمیان حتمی معاہدے کی طرف پیش رفت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

ابتدائی فریم ورک کے تحت دونوں ممالک نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں روکنے اور آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی بحالی پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم بعض امریکی رہنماؤں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں فریق معاہدے کی مختلف تشریحات پیش کر رہے ہیں، جس کے باعث مستقبل میں نئے اختلافات اور تنازعات جنم لے سکتے ہیں۔