روس کا اسٹریٹیجک بمبار طیارہ ٹی یو 22 سائبیریا میں گر کرتباہ
ارکوسک میں تربیتی پرواز کے دوران حادثہ، عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے
فائل فوٹو
ماسکو: روس کا اسٹریٹیجک بمبار طیارہ ٹی یو 22 سائبیریا کے ارکوسک کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ روسی وزارت دفاع نے طیارے کے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔
ماسکو سے روسی میڈیا کے مطابق ٹی یو 22 بمبار طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے بعد متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ طیارے کے گرنے کے باوجود اس میں سوار عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ سائبیریا کے ارکوسک علاقے میں پیش آیا، جبکہ حکام کی جانب سے طیارے کے گرنے کی وجوہات کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔