اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا، امریکی عہدیدار

جنگ بندی کا باضابطہ آغاز مقامی وقت کے مطابق آج شام 4 بجے (گرینچ ٹائم کے مطابق دوپہر 1 بجے) سے ہو گیا۔

فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

واشنگٹن/ بیروت: اسرائیل اور لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا باضابطہ آغاز مقامی وقت کے مطابق آج شام 4 بجے (گرینچ ٹائم کے مطابق دوپہر 1 بجے) سے ہو گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدیدار نے اس اہم پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ امریکی عہدیدار نے بتایا حزب اللہ اور اسرائیل جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔ امریکہ اور قطر کے مذاکرات کاروں نے ایران کے تعاون سے اس معاہدے کو ممکن بنایا ہے۔

امریکی عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ آج صبح دونوں جانب سے شدید گولہ باری اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد، اب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی نافذ العمل ہو چکی ہے۔

یاد رہے کہ یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران دونوں ممالک کی سرحدوں پر کشیدگی اور فضائی حملوں میں شدید اضافہ دیکھا گیا تھا۔ مبصرین اس معاہدے کو خطے میں امن کی بحالی اور جاری کشیدگی کو کم کرنے کی جانب ایک بڑا اور اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔