پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکہایران مذاکرات سوئٹزرلینڈ میں شروع

قطر یہ اُمید کرتا ہے کہ اس مذاکراتی عمل کے آغاز سے مفاہمتی یادداشت میں طے پانے والے تمام نکات پر جامع اور مستقل معاہدہ طے پا جائے گا۔ بیان

فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

سوئٹزرلینڈ : پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات سوئٹزرلینڈ کے سیاحتی ریزورٹ برگن سٹاخ میں شروع ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات شروع ہوگئے۔ وزیراعظم شہباز شریف، قطری وزیراعظم سمیت امریکا اور ایران کے وفود شریک ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان نے فریقین کا استقبال کیا، امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور نمائندہ خصوصی اسٹیو ویٹکوف شامل ہیں جبکہ ایرانی وفد میں پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی شامل ہیں۔

قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے پہلے دور میں پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کی اعلیٰ سطح کی کمیٹیوں کے درمیان بات چیت کا آغاز ہو گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر یہ اُمید کرتا ہے کہ اس مذاکراتی عمل کے آغاز سے مفاہمتی یادداشت میں طے پانے والے تمام نکات پر جامع اور مستقل معاہدہ طے پا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے خصوصی تکنیکی ماہرین پر مشتمل گروپ تشکیل دیے گئے ہیں جو مفاہمتی یادداشت کے تمام نکات پر بات چیت کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت میں طے پانے والے نکات پر عمل درآمد کے لیے فالو اپ گروپ بھی تشکیل دیے گئے ہیں جو حتمی معاہدے تک پہنچنے کے تمام عمل کی نگرانی کریں گے۔

قطری وزارتِ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قطر اور پاکستانی ثالث دونوں فریقوں کو مذاکرات کے لیے ایک مثبت ماحول فراہم کرنے کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔ کیونکہ بات چیت اور سفارتکاری ہی تنازعات کے حل کا واحد راستہ ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ کے بیان میں مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا گیا ہے۔