دبئی میں سیاحت اور معیارِ زندگی بڑھانے کے لیے3 انقلابی منصوبے متعارف

شیخ حمدان کا ورثہ، ٹیکنالوجی اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کا اعلان

June 25, 2026 · کائنات کے رنگ

فائل فوٹو

ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے متحدہ عرب امارات میں مقیم شہریوں اور غیر ملکیوں کے معیارِ زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے دبئی میونسپلٹی کے 3 نئے جدید پراجیکٹس کے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے دبئی کے ورثے اور مستقبل کی جدید ترین ٹیکنالوجی کا بہترین امتزاج ہیں۔

منصوبوں میں پہلا دبئی فالکن مارکیٹ ہے، جس کا مقصد دبئی کے روایتی اور ثقافتی ورثے کو برقرار رکھنا ہے۔ عقاب عرب ثقافت کا اہم حصہ ہونے کے باعث اس مارکیٹ کے ذریعے سیاحت اور مقامی ورثے کو فروغ دیا جائے گا۔

دوسرا منصوبہ دبئی کریک لائٹنگ پراجیکٹ ہے، جو 8 کلومیٹر طویل ایک شاندار لائٹنگ منصوبہ ہے۔ یہ دبئی کے تاریخی مرکز کو نئے اور دلفریب انداز میں بدل دے گا اور رات کے منظر کو مزید خوبصورت بنائے گا۔

تیسرا منصوبہ دنیا کا پہلا اے آئی ڈیزائن کردہ پارک ہے، جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ اس پارک کی تیاری میں کمیونٹی کی شرکت بھی شامل ہے، جبکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیٹا کے استعمال سے عوامی مقامات کے مستقبل کو نئی شکل دی جائے گی۔

شیخ حمدان نے کہا کہ دبئی ایسے اختراعی اور منفرد آئیڈیاز میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا جو رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے ورثے، جدید ٹیکنالوجی اور بہترین معیارِ زندگی کو یکجا کرتے ہیں۔