پاکستان ویمن ٹیم کی ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی،نیدرلینڈز کو37رنز سے شکست

گروپ مرحلے کے آخری میچ میں شاندار کارکردگی، پہلی فتح حاصل

June 27, 2026 · اسپورٹس

فائل فوٹو

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو 37 رنز سے شکست دے دی۔

برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ اوپنر گل فیروزہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو قابلِ دفاع مجموعہ فراہم کیا، جس پر انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور 89 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا اور عائشہ ظفر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

یہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی رہی کیونکہ قومی ٹیم گروپ مرحلے کے پانچ میں سے صرف ایک میچ جیت سکی۔
میچ کے بعد کپتان فاطمہ ثنا نے شائقین کے ساتھ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں میں قومی ٹیم کی شرٹس بھی تقسیم کیں جسے مداحوں نے خوب سراہا۔