ایران کا امریکا کو دوٹوک پیغام، حملہ کیا تو بھرپور جواب ملے گا
ایران کسی بھی فوجی کارروائی کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور کسی حملے کو بغیر ردعمل کے نہیں چھوڑا جائے گا
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی فوجی کارروائی کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور کسی حملے کو بغیر ردعمل کے نہیں چھوڑا جائے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں قالیباف نے کہا کہ دھمکیوں، دباؤ اور وعدہ خلافی کی پالیسی اب مؤثر ثابت نہیں ہوگی۔ ان کے بقول اگر ایران کو نشانہ بنایا گیا تو مناسب اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے آبنائے ہرمز سے متعلق بھی امریکا کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم بحری گزرگاہ کے معاملات ایران کی پالیسی اور انتظامی فیصلوں کے مطابق چلیں گے، نہ کہ بیرونی دباؤ کے تحت۔
ایرانی اسپیکر نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کے بجائے حالات کو مزید پیچیدہ بنانے سے گریز کیا جانا چاہیے، کیونکہ ایسی حکمت عملی کے نتائج مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد خطے میں تناؤ برقرار ہے۔ حالیہ دنوں میں ایران کے مختلف علاقوں میں حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ بھی جاری ہے۔
علاقائی صورتحال کے باعث آبنائے ہرمز کی سلامتی اور مشرقِ وسطیٰ میں استحکام ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جبکہ عالمی برادری کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل پر زور دے رہی ہے۔