امریکی فوج کی میزبانی کرنے والے ممالک جوابی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔ پاسداران انقلاب
ایران کا امریکی اڈوں کی میزبانی کرنے والے ممالک کو شہری دفاع فعال کرنے کا مشورہ
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کرنے والے ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ “متناسب جوابی کارروائی” کے لیے تیار رہیں۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق آئی آر جی سی نے ایسے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے شہری دفاعی یونٹس کو فعال کریں تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور انہیں ممکنہ فوجی اہداف سے دور منتقل کیا جا سکے، کیونکہ ان کی سرزمین ایران کے خلاف جارحیت کے لیے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔
تسنیم کی رپورٹ کے مطابق آئی آر جی سی کی زمینی فورسز نے کویت میں واقع امریکی فوجی لاجسٹک مرکز کیمپ عریفجان کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا، اور دعویٰ کیا کہ وہاں تعینات امریکی اہلکاروں میں جانی نقصان ہوا ہے۔
آئی آر جی سی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے بیک وقت کویت کے علی السالم ایئر بیس پر حملہ کرکے وہاں نصب ریڈار نظام کو ناکارہ بنا دیا۔ بیان کے مطابق حملے میں اسلحے کی مرمت کے لیے استعمال ہونے والا ایک ہینگر اور ڈرون تنصیب بھی تباہ کر دی گئی۔